فیٹف اجلاس سے قبل پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا

نئی دہلی : بھارت پاکستان دشمنی میں کوئی نہ کوئی نیا پراپیگنڈہ کرتا ہی رہتا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر بھارت کو ہمیشہ ہی منہ کی کھانا پڑی ہے۔ ایسے ہی ایک مرتبہ پھر سے فیٹف اجلاس سے قبل بھارت نے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرس میں21 فروری سے 4 مارچ تک ہونے والے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس سے قبل پاکستان کیخلاف بھارت کی جعلی خبروں کی مہم ایک بار پھر زوروں پر ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ یہ پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ پاکستان جلد ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ میں شامل ہوگا۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت پاکستان کے خلاف اپنے مذموم سیاسی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ بین الاقوامی ماہرین نے بھارتی دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کو بلیک لسٹ کر سکتا ہے۔جنوب ایشیائی پالیسی کے ماہر مائیکل کوگلمین نے حال ہی میں کہاکہ بھارتی ذرائع ابلاغ کی خبروں پر یقین نہ کریں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایف اے ٹی ایف جلد ہی پاکستان کو بلیک لسٹ کر دے گا۔ اسی طرح جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے اسٹریٹجک تجزیہ کار ڈاکٹر کلاڈ راکسٹز نے کہا کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کا زیادہ امکان ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت طویل عرصے سے عالمی فورموں کو پاکستان کے خلاف اپنے مذموم سیاسی مقاصدکے لیے استعمال کر رہا ہے اور اپنے مذموم سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے FATF جیسے عالمی اداروں کی ساکھ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔