ن لیگ 64 کروڑ، پیپلز پارٹی 35کروڑ کا حساب نہیں دے سکی، فرخ حبیب

اسلام آباد:وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں تمام تر ریکارڈ جمع کرایا اور باقاعدگی سے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوتے رہے ہیں۔ہماری الیکشن کمیشن سے بھی استدعا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فارن فنڈنگ کی جانچ کے لئے سکروٹنی کمیٹی کو فعال کیا جائے، بلاول اور مریم کوبھی اپنی اپنی پارٹی فنڈنگ کے بارے میں بتانا ہوگا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے بیرون ملک پارٹی کو لمیٹڈ کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ کرایا ہوا ہے، مارک سہگل کو کس مد ادائیگیاں کی جاتیں رہیں۔بدھ کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ آج پھر ہم نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ فارن فنڈنگ کے حوالے سے سکروٹنی کمیٹی کو فعال نہیں کیا گیا،ایک ممبر کے ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے سکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ 64 کروڑ اور پیپلز پارٹی 35کروڑ کا حساب نہیں دے سکی، ن لیگ کے 9اور پیپلز پارٹی کے 12خفیہ اکاونٹس سامنے آئے ہیں، ہمارا موقف اور مطالبہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے اکاونٹس کی جانچ پڑتا ل ہونی چاہیے۔الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے، ہماری استدعا ہے کہ جلد فیصلہ کیا جائے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی طریقے سے قانون کی بالادستی کے سامنے رکاوٹ کھڑی کریں،یہ وطیرہ چھوڑنا پڑے گا، ایک طرف 22سال کی جدوجہد ہے تو دوسری طرف کرپشن ہے،ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہنے اور سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرنے والے اپنی چوریاں چھپانے کے لئے اکٹھے ہوجاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا صحت اصلاحات پروگرام لیکر آئے ہیں،آج فیصل آباد ڈویژ ن کے 32لاکھ خاندانوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء ہونے جارہا ہے۔