اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کر لے، ان کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد:وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کرلیں ان کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، 50 دن کے بعد وزیراعظم عمران خان مزید مضبوط ہوجائیں گے،مولانا فضل الرحمان کی سیاست الگ اور پیپلزپارٹی و ن لیگ کی سیاست الگ ہے،پوری اپوزیشن کے راستے جدا جدا ہیں،اپوزیشن وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد مشکلات کا شکار ہیں، 22سال بعد وزیر اعظم روس کے دورے پر جارہے ہیں جبکہ ایرانی وزیر داخلہ 14 فروری کو پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، اسلام آباد میں پولیس کی موبائل سروس شروع کی گئی ہے،نادرا کے دفاتر کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بڑھا رہے ہیں، حکومت نے ایف سی اور رینجرز کی تنحواہوں میں 15 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔بدھ کو نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس لائنز اسلام آباد میں بورڈ میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 14 فروری کو ایرانی وزیر داخلہ پاکستان آرہے ہیں، 22سال بعد پاکستان کا وزیر اعظم روس کا دورہ کرنے جارہے ہیں، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کے دورے پر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی سیاست الگ اور پیپلزپارٹی و ن لیگ کی سیاست الگ ہے، پوری اپوزیشن کے راستے جدا جدا ہیں، یہ لوگ ہمارے اتحادیوں سے مدد مانگ رہے ہیں، مجھے یہ لوگ 23 مارچ کو بھی اسلام آباد آتے نظر نہیں آرہے، یہ سارے ٹی وی ٹی وی دیکھ رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ انہوں نے کیا لینے کے لئے اسلام آباد آنا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، عدم اعتماد لانے کا دعوی کرنے والے لاکر دکھائیں، ان کو شکست ہوگی، اپوزیشن یہاں پر سارے ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں، یہ لوگ عدم اعتماد کیلئے بندے نہیں لاسکتے، مارچ میں کس کو لے کر آئیں گے، اپوزیشن اپنی چارپائی کے نیچے جھاڑو دے، اپنے بندے پورے کرے، ان کی سیاست 50 دن کی رہ گئی ہے، 50 دن کے بعد وزیر اعظم عمران خان مزید مضبوط ہوجائیں گے، آئندہ 50 روز پاکستانی سیاست کے لیے اہم ہیں، اپوزیشن کو پتہ لگ جائے گا،عمران خان سرخرو ہوں گے کیوں کہ ان کے پاس موثر ہتھیار دیانت داری کا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف ہیں اور وزیر اعظم کسی کو بھی این آر نہیں دیں گے، لوگوں کی لوٹی ہوئی رقم واپس کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران نے تمام رینجرز اور ایف سی کی تنحواہوں میں 15فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم سے دیگر شعبوں میں بھی تنحواہوں بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس کی موبائل سروس شروع کی ہے، افعانستان نے اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کرپشن کے کیسز زیادہ مضبوط ہے اور شہباز شریف نواز شریف سے بھی زیادہ کرپٹ ہے۔ نیب کے پاس کرپشن کے 70میگا کیس ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیصل واڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نادرا کے دفاتر کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بڑھا رہے ہیں، 13 پاسپورٹ کے دفاتر سندھ میں کھولے جا رہے ہیں، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں وراثتی سرٹیفکیٹ دینے جا رہے ہیں۔