سندھ میں نوجوانوں کوکامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں، عثمان ڈار

کراچی:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے سندھ کے نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت بھرپور مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں نوجوانوں کوکامیاب جوان پروگرام کے تحت 5 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں ،رواں مالی سال کے دوران کم از کم 10 ارب روپے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ان ٰخیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں حکومت نوجوانوں کی ترقی کے لیے ہرسطح پر اقداماقت اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پاکستان کے نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ ہزاروں نوجوانوں کو 32 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں اور ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت سندھ میں کامیاب جوان پروگرام کو تیز کرنا چاہتی ہے اور کامیاب جوان سندھ مہم کے پہلے مرحلے میں کراچی کے نوجوانوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جب کہ اگلے مرحلے میں اسے سندھ کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائیگی ، صرف کراچی کے نوجوانوں کو نئے کاروبار کے لئے 3 ارب جاری کئے جاچکے ہیں جس کے نتیجے میں شہر کے نوجوانوں کے لیے 3000 سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گروسری، گارمنٹس اور دیگر اشیا سمیت 5000 سے زائد ریٹیل آئوٹ لیٹس نے اپنا کاروبار شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کے تحت 1200 ریٹیل آئوٹ لیٹس کو کراچی میں کاروبار شروع کرنا ہے اور کوویڈ 19 کی وبائی سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باوجود ان میں سے متعدد پہلے ہی کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر چکے ہیں،کامیاب جوان کے اسکلز فار آل پروجیکٹ کے تحت ہم نے نوجوانوں کے لئے مختلف پروجیکٹ بھی شروع کیے ہیں جن کی کل مالیت 4 ارب روپے ہے، اس منصوبے کے تحت سندھ میں 43 ملین روپے کے 7000 سے زائد اسکالرشپس دی گئی ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں وسیع مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے بھی پروگرام ڈیزائن کیا گیا ہے۔عثمان ڈار نے مزید کہا کہ”کامیاب جوان مرکز”کے عنوان سے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز ملک بھر کی 108 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں قائم کیے جائیں گے تاکہ یونیورسٹی کے 20 لاکھ سے زائد طلبا اور اسکالرز کو سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مراکز طلبا کو متعدد خدمات فراہم کریں گے جن میں کیریئر کونسلنگ اور سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں مختلف مواقع تک رسائی شامل ہے۔کامیاب جوان ایک شفاف پروگرام ہے جس میں مالیاتی نظم و ضبط کا طریقہ کار موجود ہے جبکہ اس کا تمام ڈیٹا آن لائن دستیاب ہے تاکہ احستاب کے تصور کے ساتھ تمام چیزیں عوام کے سامنے واضح ہوں۔انہوں نے کہا اور مزید کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے مالی معاونت کے بے معنی پروگرام اور بے سود پیشہ ورانہ تربیتی پروگرام پیش کئے تھے جس میں صرف پلمبنگ اور الیکٹریشن جیسی عام مہارتیں سکھائی جاتی تھی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے ایک ایسا پروگرام پیش کیا ہے جو نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی میں اعلی مہارت کی تربیت سے مستفید ہونے کے قابل بناتا ہے۔انہوں نے سندھ حکومت پر زور دیا کہ وہ صرف سیاسی دشمنی کی خاطر نوجوانوں کو فراہم کیے جانے والے مواقع میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے صوبے کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے آگے بڑھے سندھ حکومت صوبے کی عوام کو ہیلتھ کارڈ کے اجرا میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔عثمان ڈار نے بتایا کہ سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ پراجیکٹ کے تحت شارٹ لسٹ کیے گئے 100 کھلاڑیوں میں سے 20 کھلاڑیوں کے حتمی انتخاب کے لیے کے پی ٹی گرائونڈ میں فٹ بال پلیئرز کا ٹرائل ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منتخب نوجوان کھلاڑیوں کو سینٹ پیٹرک کلب تربیت دے گا اور انہیں تربیت کے لیے آئرلینڈ بھی بھیجا جائے گا۔