سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کرغز فضائیہ کے سربراہ کی ملاقات

اسلام آباد:پاک فضائیہ کےسربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے کرغز فضائیہ کے سربراہ کرنل کیلیچبیک اکیمووِچ ایڈارالیو نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پیشہ وارانہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق کرنل کیلیچبیک اکیمووِچ ایڈارالیو نے پیشہ ورانہ مہارت اور ایوی ایشن انڈسٹری میں خود انحصاری کی طرف گامزن پاک فضائیہ کی تعریف کی۔اس موقع پر ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان اور کرغز ریپبلک کے مابین دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے جو دونوں فضائی افواج کے مابین مضبوط روابط کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔