وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نوشکی کا دورہ، ​سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان اور آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی کا دورہ کیا، وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کی اور جوانوں کی جرات و بہادری کی تعریف کی، وزیراعظم نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوشکی کا دورہ کیا، وزیراعظم کو نوشکی اور علاقے کی سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی،وزیراعلیٰ اور گورنر بلوچستان ، وفاقی وزراء بھی ہمراہ تھے،وزیراعظم نے جوانوں سے ملاقات بھی کی، وزیراعظم نے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،جوانوں کی آپریشنل تیاریوں اور جرات و بہادری کی تعریف کی۔وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے،بلوچستان کیلئے اتنا کام ہوگا کہ دہشتگرد ناکام ہوجائیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی قومی سطح پرحمایت کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کا حقیقی پوٹینشل سامنے لائیں گی، بلوچستان کا حقیقی پوٹینشل مسلح افواج کے تعاون سے سامنے لائیں گے۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے فوجی جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو ناکام بنانے پر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ساری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمیں اپنے جوانوں پر پورا اعتماد ہے۔ہماری فوج نے مشکل حالات میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی۔ہماری فوج نے لوگوں کو دہشتگردی سے محفوظ رکھا۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا دور ہے اس کا پوری دنیا کو علم ہے۔ بدقسمتی سے پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب ہے۔ پوری کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کی آمدن میں اضافہ کریں۔ جیسے جیسے آمدن بڑھے گی ہم تنخواہ دار طبقے کی آمدن بھی بڑھائیں گے۔