قبائلی اضلاع میں ریسٹ ہاوسز سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریسٹ ایریاز گلیات، ناران اور سوات کے سیاحتی مقامات پر تعمیر کئے جائیگے۔ اسکے علاوہ خیبر پختوخوا حکومت نے صوابی ہنڈ کے مقام پر موجود 400 کنال اراضی پر پارک بنانے کے لئے ماسٹر پلان بنانے کی منظوری دی گئی۔ یہ فیصلہ سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان کی زیر صدارت منعقدہ ایک اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری کامران رحمان، ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان اور منیجنگ ڈائریکٹر جنید خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ سینئر وزیر نے سیاحتی مقامات پر ریسٹ ایریاز کے لئے جلد ازجلد جگہوں کی نشاندہی کرنے اور اس پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ضم شدہ اضلاع میں بھی پر فضاء مقامات پر ریسٹ ہاوسز سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسکے علاوہ صوابی ہنڈ کے مقام پر 400 کنال اراضی پر پارک بنانے کے لئے ماسٹر پلان تیار کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔اجلاس میں سینئر وزیر کو سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہزارہ ڈویڑن میں 16 کلومیٹر مانور روڈ، 9 کلومیٹر پاپڑنگ روڈ اور 10 کلومیٹر شوگران روڈ کے لئے 4۔2 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں علاوہ ازیں مالاکنڈ ڈویڑن میں بھی سڑکوں کی تعمیر کے لئے دو ارب روپے رکھے گئے ہیں۔اجلاس میں کمراٹ جاز بانڈہ روڈ کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی اسکے علاوہ اجلاس میں ٹورازم پولیس،کیمپنگ پاڈز،سیاحتی مقامات پر فوڈز سٹریٹ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔