کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں کاروبار ی قرضہ جات کی تقسیم میں مزید تیزی

اسلام آباد:کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں کاروبار ی قرضہ جات کی تقسیم میں مزید تیزی،ملک بھر سے کامیاب جوانوں میں 29 ارب مالیت سے زائد قرضوں کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے اُمورِ نوجوانان عثمان ڈار نے قرض حاصل کرنے والے ملتان سے تعلق رکھنے والے جوان کی کہانی ٹویٹ کردی۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے نوجوان سعید احمد نےقرض کی رقم سے موبائل فونزکا کام شروع کیا۔سعید احمد نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ پہلے ملازمت کرتا تھا اور اپنا کاروبار شروع کرنا ہمیشہ سے ایک خواب تھا۔ کامیاب جوان پروگرام قرضہ سکیم کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان سے 3 ملین کا قرضہ منظور ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان، کامیاب جوان پروگرام کی پوری ٹیم اور نیشنل بینک کا شکر گزار ہوں کیونکہ ان کی بدولت میرا خواب پورا ہوا۔وزیراعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام سے خالصتاً میرٹ کی بنیادپر قرضہ جات کی تقسیم کو یقینی بنا رہے ہیں۔ہزاروں نوجوان اس پروگرام کے تحت قرضے حاصل کرکے اپنا کاروبار چلا رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہر مہینے دو سے تین ارب روپے مالیت کے قرضے منظور کیے جارہے ہیں۔دو سال کے دورانیہ میں 29 ارب روپے سے زیادہ مالیت کے کاروباری قرضوں کی تقسیم بڑی کامیابی ہے۔ملک بھر میں 4 ارب مالیت سے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید اور روایتی شعبوں میں تکنیکی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر چکے ہیں۔