وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی سیاست ختم کر دی ہے، سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس ملک کا برانڈ تھے، ہیں اور رہیں گے، لوگ اپنے بچوں کو وزیراعظم عمران خان جیسا بنانا چاہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ملکی سیاست میں دو پارٹی نظام توڑ کر اپوزیشن جماعتوں کی سیاست ختم کر دی ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی علاقائی جماعتیں بن کر رہ گئی ہیں، مہنگائی کے باوجود عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل استعمال کر رہی ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کے حکمرانوں نے ہمیشہ اقتدار میں آ کر اپنے آپ کو بنایا، بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے، ملک اور عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، موجودہ حکومت کو غریب عوام کی مشکلات کا احساس ہے اور وزیراعظم عمران خان نے تمام غریب لوگوں کو علاج معالجے کیلئے صحت انصاف کارڈز مہیا کئے جو موجودہ حکومت کا بڑا کارنامہ ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ یہ لوگ صرف اقتدار کیلئے پاکستان میں آتے ہیں، جب بھی اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو یہ عوام کو چھوڑ کر بیرون ممالک بھاگ جاتے ہیں، نواز شریف اس وقت بھی لندن میں پرطعیش زندگی گزار کر رہے ہیں،ان کے منہ سے غریبوں کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، اگر انہیں حقیقی معنوں میں غریبوں کا درد ہے تو انہیں چاہیے کہ وطن واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جو لوگ بھی قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث رہے ہیں انہیں حساب دینا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے کینسرہسپتال بنایا جہاں پر غریب لوگوں کو معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، دوسری جانب سابق حکمران پاکستان سے پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک لے گئے، نواز شریف نے آج تک ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے حوالے سے دستاویزات عدالت میں جمع نہیں کرائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام شعبوں میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں، حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور جلد ہی اس مسئلہ کو حل کر لیا جائے گا۔