احساس کفالت پروگرام کے تحت 70 لاکھ مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں، فرخ حبیب

فیصل آباد:وزیرمملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام کیلئے250 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور70 لاکھ مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو احساس کفالت رجسٹریشن سنٹرسپورٹس کمپلیکس ڈجکوٹ روڈ فیصل آباد کے دورے کے موقع پر کیا جہاں ڈویژنل ڈائریکٹر احساس کفالت رجسٹریشن سنٹر ڈاکٹر فیاض احمد نے انہیں بریفنگ دی ۔وزیرمملکت نے سینٹر پر متعلقہ افراد کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ احساس کفالت پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی رجسٹریشن ہورہی ہے لہٰذاجو لوگ ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرواسکے وہ اپنے قریبی نادرہ سنٹر پر رجسٹریشن کروائیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ پروگرام کیلئے250 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور70 لاکھ مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری8171 پر اپنا شناختی کارڈنمبر سینڈکرکے احساس راشن پروگرام کے تحت رجسٹریشن کروائیں کیونکہ جو لوگ احساس کفالت کیلئے اہل ہیں و ہی احساس راشن پروگرام کے بھی اہل ہوں گے جس کے ذریعے لوگوں کو30 فیصد کم نرخوں پر آٹا،گھی،دالیں وغیرہ احساس راشن پروگرام کیلئے نامزد کریانہ سٹورسے دستیاب ہوں گی۔فرخ حبیب نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کی مد میں 120 ارب روپے فراہم کئے جارہے ہیں اورایک سال میں 250 ارب روپے احساس رجسٹریشن سنٹرکی مد میں امداد حکومت فراہم کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ احساس گریجویٹ کیلئے سکالرشپ کیلئے حکومت50 ارب روپے دے چکی ہے جس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کیلئے آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی جاری ہے تاکہ جن لوگوں کے پاس اچھوتے آئیڈیاز ہیں وہ اپنے کاروبار شروع کرکے اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 34 پروگرام چل رہے ہیں اسی طرح پنجاب میں صحت کارڈلانچ ہوچکا ہے جس کیلئے 4 سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور مذکورہ پروگرام کے تحت ہر گھرانہ سالانہ10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ڈاکٹر سے اپنی پسند کے ہسپتال میں علاج کرواسکے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی جس سے پاکستان بھی متاثر ہوالیکن موجودہ حکومت نے عام آدمی کا احساس کرتے ہوئے سوشل پروٹیکشن کے پروگرام شروع کئے ہیں تاکہ کم آمدنی والے افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرف گامزن اورعام آدمی کیلئے درد رکھتے ہیں لہٰذا غریب کو ریلیف دینے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جا ئے گی۔