قوم 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی،مولانا فضل الرحمان

پشاور: اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 23مارچ کو پوری قوم مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گی، تمام اپوزیشن جماعتوں نے 23مارچ کو مہنگائی مارچ میں شرکت کا اظہار کیا ہے ، موجودہ نا اہل حکومت سے ہر پاکستانی پریشان اور تنگ ہے ، ہمارا مطالبہ عام انتخابات کے انعقاد کا ہے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کررہے ہیں ، منی بجٹ کے ذریعے اسٹیٹ بینک کو اب آئی ایم ایف کنٹرول کرے گا ، منی بجٹ پر کوئی بحث نہیں کرائی گئی ، منی بجٹ کو اسٹینڈنگ کمیٹی میں جانا چاہیے تھا، عوام اب موجودہ حکومت کو مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ، اسی لیے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت کو بدترین شکست ہوئی اور آئندہ کے مرحلے میں بھی اسے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں میں اتفاق رائے موجود ہے، پیپلزپارٹی اور اے این پی کو کبھی بھی اپنا مخالف نہیں سمجھا، ہم نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو اپوزیشن کا حصہ سمجھا ہے۔