وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کیلئےمفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد:وفاقی حکومت، حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان پنجاب اور اسلام آباد میں صحت سہولت پروگرام کے یونیورسل ہیلتھ کوریج پر عملدرآمد کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک سادہ تقریب میں وفاقی حکومت، حکومت پنجاب اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان پنجاب اور اسلام آباد میں صحت سہولت پروگرام کے یونیورسل ہیلتھ کوریج پر عملدرآمد کیلئے دستخطوں کی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔مفاہمت کی یادداشت پر سیکرٹری نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن عامر اشرف خواجہ، پنجاب ہیلتھ انیشیٹوز مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او علی رزاق اور چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان شعیب جاوید حسین نے دستخط کئے۔وزیراعظم عمران خان نے 13 دسمبر 2021 کو لاہور میں پنجاب کے تمام شہریوں کے لئے صحت سہولت پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ سوشل ہیلتھ پروٹیکشن کے اس اقدام کے ذریعے غریب خاندانوں کو ملک بھر میں کے مخصوص ہسپتالوں سے ہر سال 10 لاکھ روپے فی خاندان علاج معالجہ کیلئے مفت ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔صحت کارڈ کے ذریعے اوپن ہارٹ سرجری، سٹنٹس ڈلوانے، کینسر ، نیورو سرجری، برن مینجمنٹ، حادثات، ڈائیلاسز، انتہائی نگہداشت ، ڈلیوری، سی سیکشن اور گردے کی پیوند کاری کے ساتھ دیگر طبی وسرجیکل علاج کی سہولت حاصل ہو گی۔ ملک بھر میں فہرست میں شامل کسی بھی ہسپتال سے مفت علاج کے لئے بین الصوبائی اور بین الاضلاعی کی سطح پر سہولت حاصل ہو گی۔