عمران خان پانچ سال پورے کریں گے،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گےاور ہم آئندہ انتخابات بھی انھی کی قیادت میں لڑیں گے،کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے بعد مولانا فضل الرحمن اب اسمبلیوں سے استعفوں کامطالبہ نہیں کریں گے،نوازشریف وطن واپس آئیں یا نہ آئیں کوئی فرق نہیں پڑے گا،ڈالر کی قیمت پر قابو پانے کے لیے منی بجٹ ضروری ہے،راولپنڈی کا میگاپراجیکٹ ماں بچہ ہسپتال آئندہ ماہ عوام کی سہولت کے لیے فعال کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو راولپنڈی کے میگا پراجیکٹ ماں بچہ ہسپتال کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان،پارلیمانی سیکرٹری شیخ راشد شفیق ،وزارت صحت کےسیکرٹری اور صحت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئندہ ماہ ماں بچہ ہسپتال کاافتتاح کریں گے جس کے بعد یہ فعال ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ہسپتال کے نئے بلاک کی تعمیر مارچ سے شروع کردی جائے گی جبکہ نوکریوں کے لیے بھی اشتہار جاری کردیا گیا ہے اوروہاں میرٹ پر لوگوں کوملازمتیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کے اردگرد ہمارے نقشے کے مطابق تعمیرات کی اجازت ہوگی ،سرمایہ کار وہاں اپنے کاروباری مراکز بنائیں تاکہ لوگوں کو روزگار ملے اور غربت ختم ہوسکے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہرپارٹی اپنے اپنے سلوگن پر کام کررہی ہے مگر پاکستان تحریک انصاف اور موجودہ حکومت عوام کے لیے کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ملک میں آتے ہیں تو آئیں اور اگر نہیں آتے تو نہ آئیں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا ہم اگلا الیکشن بھی عمران خان کی قیادت میں لڑیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ میری سیاست کو پچاس سال مکمل ہونے والے ہیں اور آج تک اپنے شہر میں کسی بدمعاش یا قبضہ مافیا کوسر اٹھانے نہیں دیاکیونکہ اس شہری میں غریب کی حکومت ہے۔انہوں نے بتایا کہ نالہ لئی ایک پہلا پراجیکٹ ہوگا جوکہ پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ پہ ہوگا جس پر 105ارب روپے خرچ ہوں گے اور جلدٹینڈر جاری کیے جائیں گے جبکہ رنگ روڈ پر31روپے خرچ ہوں گے جو جلد مکمل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ائیرفورس رافیل کے مقابلے میں پہلی دفعہ پاکستان میں جے ایس ٹین کی فلائنگ پاس کرے گی اورہماری عظیم فوج ہے اس لیے دفاع سے غافل نہیں ہیں۔