آئین پاکستان اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، قاسم خان سوری

اسلام آباد:وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کےذیلی اداروں کے زیر اہتمام قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کے حوالے سے لائٹ شو منعقد ہوا۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سمیت سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں قائداعظم کے پیغامات خصوصی طور پر آویزاں کئے گئے، پارلیمنٹ ہائو س اور دیگر عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، لوگوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔لائٹ شو میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، ملک میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایک ایسا ملک دیا جہاں ہم اسلام کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے سماجی، سیاسی، اخلاقی اور معاشی لحاط سے زندگی گذار سکیں۔انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان اسی پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ آئین پاکستان اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا پر پوری دنیا میں مسلم امہ کا موقف پیش کیا، وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں دلیرانہ تقریر کی اور وہ موقف رکھا جو قائداعظم کا موقف تھا، پوری دنیا آج وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کر رہی ہے،روسی صدر پیوٹن نے بھی ناموس رسالتﷺ پر وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کی 145 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ قوم اتحاد، ایمان اور تنظیم کے بنیادی اصولوں کو اپنائے گی۔