پاک فوج کی جانب سے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد

راولپنڈی : ملک کی عسکری قیادت نے کرسچنز کے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان جاری کیا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی جانب سے تہنیتی پیغامات دیئے گئے ہیں۔ عہدیداران نے مسلح افواج میں موجود اور ملک بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی، عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک وطن عزیز کیلئے مسیحی برادری کی قربانیاں اور خدمات بےمثال ہیں۔عسکری قیادت نے کہا کہ تعلیم، صحت، سماجی بہبود کے شعبے میں مسیحی برادری کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔ مادر وطن کے دفاع کے لیے بھی مسیحی برادری کا کردار قابل تحسین ہے۔