پاکستان کے ساتھ ہالینڈ کے اچھے معاشی تعلقات ہیں

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ہالینڈ کی ہم منصب سگرڈ کاگ نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے خواہاں اور افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ کے حامی ہیں۔افغانستان کے امن و استحکام سے خطہ کا امن وابستہ ہے۔وزارت خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ پندرہ سال کے طویل وقفے کے بعدہالینڈکے وزیر خارجہ کا دورہ ء پاکستان ہے۔ہماری ٹیلیفون پر قبل ازیں بہت اچھی گفتگو رہی،تاہم آج ہم نے دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ ہالینڈ ،یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور کئی ڈچ کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔میں نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر سے ہالینڈ کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ افغانستان کو تنہا چھوڑنے کے کیا نقصانات ہو سکتے ہیں۔ہالینڈکی ہم منصب نےاپنےشہریوں کےانخلا میں تعاون پرشکریہ اداکیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بطورہمسایہ ملک افغانستان کی صورتحا ل پراپنی رائے اور حالیہ4ملکی دورےمیں ہونےوالی بات چیت سےبھی آگاہ کیا۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی معاونت جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔نیدرلینڈز وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کئی دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی وہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز یورپی یونین ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہو گا جس میں افغانستان کی صورتحال پر اور آئندہ کا لائحہ عمل پر بات چیت ہو گی۔ہالینڈ کی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہالینڈ کے اچھے معاشی تعلقات ہیں، افغانستان کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں، افغانستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں گے، افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کے حامی ہیں، افغانستان کے امن سے خطے کا امن وابستہ ہے۔