افغانستان میں امن و استحکام کا سورج جلد طلوع ہوگا

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام کا سورج جلد طلوع ہوگا اور افغان عوام کے 40 سالہ دکھوں کی داستان ختم ہوگی، افغانستان میں مستحکم نظام کیلئے کوشاں ہیں، ہم کابل سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاءکے لئے فضائی اور زمینی راستے سے مدد فراہم کر رہے ہیں،افغانستان سے انخلاءکیلئے ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا، پی آئی اے واحد ایئر لائن ہے جس نے مزار شریف میں امدادی سامان پہنچایا، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتخابی اصلاحات پر کام کر رہی ہے،ماضی میں کسی حکومت نے اس جانب توجہ نہیں دی، انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے، وفاقی کابینہ نے سیکٹر ای الیون میں سی ڈی اے کی عمل داری کو یقینی بنانے، ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں کمی کی ہدایت کی ہے جبکہ سیالکوٹ ۔ کھاریاں موٹر وے منصوبے کے پہلے مرحلہ کا آغاز رواں ہفتہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے واحد ایئر لائن ہے جس نے مزار شریف میں امدادی سامان پہنچایا، فضائی راہداری کے ذریعے ورلڈ فوڈ پروگرام سمیت دیگر ادارے افغانستان میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکیوں کے انخلاء میں زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے،تمام خواہشمند پاکستانی خاندانوں کو کابل اور گردونواح سے نکال لیا گیا ہے، باقی چند لوگ اپنی مرضی سے وہاں مقیم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک 10 ہزار 302 غیر ملکی شہریوں کے افغانستان سے انخلاء میں معاونت کر چکے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ تمام لوگوں کو افغانستان سے انخلاءمیں مدد دیں گے چاہے ان کا تعلق کسی بھی قومیت سے ہو۔انہوں نے کہا کہ طورخم سرحد سے ویزا کے ذریعے 2400 لوگ پاکستان آئے، ان میں 825 افغانی اور 1570 پاکستانی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چمن سرحد سے 27 لوگ پاکستان آئے، ان میں 10 افغانی ہیں، چمن بارڈر پر معمول کی تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں، افغانستان سے نیٹو اور اس سے متعلقہ 10 ہزار 302 لوگ پاکستان آئے،ان میں سے 9 ہزار 32 متعلقہ ممالک کو روانہ ہو گئے،1229 باقی ہیں جن میں سے 545 افغان اور 684 دیگر ہیں ان میں سے 155 امریکی تھے جو روانہ ہو گئے ہیں، اس کے بعد کوئی امریکی پاکستان میں موجود نہیں رہے گا، کابل سے انخلاءکیلئے فضائی اور زمینی راستہ سے مدد فراہم کر رہے ہیں،افغانستان سے عالمی تنظیموں کے اہلکاروں کے انخلاء میں پاکستان کی معاونت کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔