مسجد نمرہ سے خطبہ حج اردو سمیت دس زبانوں میں نشر

مکہ:سعودی حکام نے مسجد نمرہ سے حج کے خطبے کا ترجمہ براہ راست دس زبانوں میں پیش کیا جس کو دنیا بھر میں دس کروڑ سے زیادہ مسلمانوں نے سنا۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقدس مساجد کی انتظامیہ نے دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ـ’’ہدایت کا پرچار‘‘ کے سلوگن کے تحت اس سال خطبہ حج کا ترجمہ ارد و ، فارسی ، انگریزی، فرانسیسی، روسی، چینی، بنگالی ، ترکی ، ملائی اور ہوسا زبانوں میں نشر کیا ۔اس کے لئے منارہ الحرمین پلیٹ فارم اور ایپلی کیشن سے استفادہ کیا گیا ۔مسجد الحرام اور اس کے اطراف، منی، مزدلفہ اور عرفات میں ایف ایم پر خطبہ حج کے ترجمے براہ راست دس زبانوں میں نشر کیے گئے ۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مقدس مساجد کی انتظامیہ کو 3 برس قبل خطبہ حج کے ترجمے کی ذمہ داری تفویض کی تھی۔ابتدا میں خطبہ حج کا ایف ایم پر 5 زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا تھا۔پہلے سال ایک کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ افراد نے خطبہ حج سے استفادہ کیا۔اگلے سال ترجمے والی زبانو ں کی تعداد 6 کردی گئی اور خطبہ حج سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 60 لاکھ ہو گئی۔گزشتہ سال زبانوں کی تعداد بڑھا کر 10کردی گئی اور خطبہ حج سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد2کروڑ 30 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔اس سال انتظامیہ کا ہدف خطبہ حج کو 5 کروڑ افراد تک پہنچانے کا تھا تاہم یہ تعدا 10 کروڑ تک پہنچ گئی۔