کشمیر کی آزادی کا دن دور نہیں

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کا دن دور نہیں،ہم یہ دن ضرور دیکھیں گے۔غیر قانونی بھارتی قبضہ کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد منصفانہ اور بے لوث ہے ۔منگل کویومِ شہداء کشمیر کے موقع پر سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں یوم شہداء کشمیر پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں،13 جولائی 1931 کے شہداء کی روح کو ان کے جانشیں زندہ رکھے ہوئے،عالمی برادری کے تسلیم شدہ حق خود ارادیت كا مطالبہ کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بہادروں کی آزادی کیلئے جدوجہد اب بھی جاری ہے، کشمیری عوام کی غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جنگ منصفانہ اور بے لوث ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آزادی تک سفارتی، سیاسی اور قانونی مدد فراہم کرتا رہے گا۔آزادی کا دن دور نہیں، ان شاء اللہ ہم ضرور دیکھیں گے۔