اور کزئی: ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کھلی کچہری کا انعقاد

اورکزئی:لوئر اورکزئی کے دور افتادہ علاقہ چھپری فیروز خیل میں ضلعی انتظامیہ اورکزئی کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اورکزئی نعیم اللہ خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر امتیاز علی شاہ تحصیلدار لوئر اورکزئی سمیت تمام محکموں کے آفسران نے شرکت کی۔ کھلی کچہری میں علاقہ عوام نے اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کوہاٹ سڑک، پاسکئی سڑک کی تعمیر، نیٹ اور موبائل سگنلز کی بحالی، پینے کا صاف پانی ، بنجر زمینوں کی آباد کاری، نوجوانوں کو روزگار، ڈاکٹرز اور صحت کے سہولیات سمیت بجلی کی بحالی ، گھروں کے سروے ،ویٹرنری ہسپتال اور دیگر علاقائی مسائل بیان کئے جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعیم اللہ خان نے موقع پر پانی کی فراہمی ، سوشل ویلفئیر کی جانب سے دستکاری سنٹر کے قیام ، پانی کے نالہ کے بند کی مرمت ، پیر کے روز سے ڈاکٹر کی موجودگی اور ادویات کی فراہمی سمیت متعدد مسائل موقع پر حل کر دیئے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے تمام محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کئے۔ اے ڈی سی اورکزئی نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے تمام مسائل ان کے گھر کے دہلیز پر حل کرنا ہے ہم تمام بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اس موقع پر اے ڈی سی نے عوام کو کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہی دی اور عوام سے رجسٹریشن کرانے اور ویکسین لگانے کی اپیل کی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چھپری فیروز خیل میں کھلی کچہری کے انعقاد پر علاقہ عوام نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔