پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی مل گئی، چار برس کے لیے انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب

اسلام آباد : پاکستان کو سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان چار برس کے لیے انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب ہوگیا۔ اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے بتایا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کی گورننگ باڈی کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔جینوا میں آئی ایل او کے 109ویں اجلاس میں مجازی طور پر انتخابات کا انعقاد ہوا، جس میں پاکستان سمیت چار نئے باقاعدہ ممالک کو چار سال (2021ء تا 2024ء )کے لیے آئی ایل او کے ایشیاء پیسفک گروپ میں شامل کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن میں گورننگ باڈی پالیسی و فیصلہ سازی کی حیثیت رکھتی ہے اس کے 56 رکن ممالک 28 حکومتوں، 14 ایمپلائرز اور 14 کارکنان پر مشتمل ہیں، پاکستان ماضی میں بھی آئی ایل او کے ایگزیکٹو آرم کا باقائدہ رکن رہ چکا ہے اور 1947 میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کا رکن بنا تھا۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایل اوانتخابات کے نتائج عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے قائدانہ کردار پر اعتماد کا مظہر ہیں، پاکستان نے بحران کے دور میں آئی ایل او کی گورننگ باڈی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ کورونا کے معاشرتی و اقتصادی اثرات میں کمی اور اقتصادی بڑھوتری کے لیے عالمی تعاون پرمباحثے اور بات چیت کی ضرورت ہے۔