شیخوپورہ: ریاست مخالف بیان پر ضمانت کے بعد لیگی رہنماجاوید لطیف پر ایک اور مقدمہ درج

شیخوپورہ: لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف اب کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر دیا گیا، یہ مقدمہ تھانہ صدر میں درج ہوا ہے، مقدمہ سرکاری اہل کار کی مدعیت میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز جاوید لطیف نے ریلی نکالی تھی، اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، مقدمے میں جاوید لطیف کے علاوہ ان کے 2 بھائی، ایک بیٹے سمیت 8 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جب کہ 220 نا معلوم افراد بھی نامزدگان میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ریاست مخالفت بیان بازی کے کیس میں عدالتی حکم پر رہائی کے بعد جاوید لطیف کو انٹر چینج سے ریلی کی صورت میں گھر لایا گیا تھا، جاوید لطیف نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے لیگی کارکنان سے خطاب بھی کیا تھا۔9 جون کو لاہور کی سیشن عدالت نے ریاست مخالف بیان بازی کیس میں لیگی رہنما کی ضمانت منظور کی تھی اور 2، 2 لاکھ روپے کے 2 مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا، مچلکوں کی ادائی کے بعد گزشتہ روز رہا کر دیا گیا تھا۔