بھارت خود ہی اپنے جھوٹ کا شکار

نئی دہلی : بھارتی حکومت اپنی بڑائی اور دلیری کو ثابت کرنے کے لیے کئی مرتبہ جھوٹ کا سہارا لے چکی ہے لیکن بھارت خود ہی اپنے جھوٹ کا شکار ہو جاتا ہے جس سے اسے منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ حال ہی میں بھی بھارت کی اپنی فوج نے ہی مودی سرکار کے جھوٹ کا پول کھول دیا جس سے بھارتی حکومت کو ایک مرتبہ پھر سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر بھارت نے نیا جھوٹ گھڑ لیا جس کا بھارتی فوج نے اپنی رپورٹ میں پول کھول دیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے تیار کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ کوئی پاکستانی فوجی لاپتہ ہوا نہ ہی رواں سال کوئی حملہ ہوا۔ واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کسی طور بھارت کو ہضم نہ یں ہوئی جس کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر اور وادی نیلم میں کلسٹر بموں سے حملے کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا جو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ایک طرف جہاں بھارت پاکستان سے حملے ہونے کے جھوٹ بول رہا ہے وہیں بھارتی فوج کی اپنی ہی رپورٹ نے اس نئے بھارتی دعوے کو غلط ثابت کر دیا۔ بھارتی فوجی کی مودی سرکار کو جمع کروائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک بھارت افواج کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ ہی کوئی پاکستانی فوجی لاپتہ ہوا اور نہ اس سال کسی قسم کا حملہ ہوا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بھارت کو اپنے جھوٹ کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ، بلکہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ خصوصاً پاکستان میں کی جانے والی سرجیکل اسٹرائیکس کے جھوٹے دعووں کے معاملے پر بھارت کو منہ کی کھانا پڑی جس سے بھارت کو عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔