قبائلی اضلاع میں کھیلوں کیلئے 7365 ملین روپے مختص کئے گئے، پیر عبداﷲ شاہ

پشاور: حکومت کے تیز رفتار عملدرآمد پروگرام (اے آئی پی) کے تحت خیبر پختونخوا میں ضم قبائلی اضلاع میں کھیلوں کے گرائونڈز کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے لئے 7365 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبد اللہ شاہ نے سیکرٹری کھیل عابد مجید کی ہدایت پر ضم اضلاع میں موجود سپورٹس کمپلیکسز کا دوررہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کر دی ہے جبکہ ہنگامی بنیادوں پر کھیلوں کے منصوبوں کی ڈی ڈی ڈبلیو پی اور پی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری حاصل کر لی گئی ہے۔صوبائی حکومت نے اے آئی پی فنڈ سے ضم اضلاع میں کھیلوں کے مقابلوں کے لئے 1000 ملین روپے منظور کر لئے ہیں امسال کھیلوں کے انعقاد کی تیاری کی گئی تھی لیکن کورونا کی وجہ سے مقابلے ملتوی کر لئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس خار کی اپ گریڈیشن وبحالی کے لئے 279.842 ملین، کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس کمپلیکس مہمند کے لئے 69.541 ملین، کلایہ سپورٹس کمپلیکس اورکزئی کے لئے 335.305 ملین، جمرود سپورٹس کمپلیکس کے لئے 289.478 ملین، ملاگوری سپورٹس کمپلیکس خیبر کے لئے 84.96 ملین، وانا سپورٹس کمپلیکس جنوبی وزیرستان کے لئے 176.759 ملین، کوٹکئی سٹیڈیم جنوبی وزیرستان کے لئے 52.772 ملین، جناح سول سٹیڈیم کرم کے لئے 145.752 ملین منظور کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارہ چنار سپورٹس کمپلیکس کرم، یونس خان سپورٹس کمپلیکس شمالی وزیرستان، تیراہ سپورٹس سٹیڈیم خیبر اور کلا خیل سپورٹس سٹیڈیم خیبر کے پی سی ون منظوری کے لئے متعلقہ فورم کو بھیج دیئے گئے ہیں۔