ڈیرہ اسماعیل خان میں روایتی میلوں کا سلسلہ جاری رہے گا، محمد عابد مجید

پشاور:سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم وامورنوجوانان خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہاکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں روایتی میلوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے ڈیرہ جات فیسٹیول میں ثقافتی میلے کا دوسرا مرحلہ عوام کے تعاون سے ستمبر میں منعقد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریس کے آخری روز گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں روایتی کھیلوں کو فروغ دیا جائے۔ اس قسم کے ثقافتی میلوں کے انعقادسے مقامی معیشت میں کافی بہتری آرہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان اور فرنٹیئر 4×4 کلب کے زیراہتمام ڈیرہ جات آف روڈ جیپ ریس کا تاج صاحبزادہ سلطان کے سر پر سجا جبکہ دوسری پوزیشن زین محمود اور تیسری پوزیشن نادر مگسی نے حاصل کی۔اختتامی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر گلگت بلتستان و امور کشمیر سردار علی امین خان گنڈاپورمہمان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان یحییٰ اخونزادہ،ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ خان،فرنٹیئر 4×4 کلب کے صدر بابر خان،آرگنائزر ارشاد کاکا خیل، وقار یوسفزئی، ریسکیو، پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پری پئیرڈ کیٹیگری میں صاحبزادہ سلطان نے مقررہ 118 کلومیٹر کا ٹریک ایک گھنٹہ 22 منٹ اور33 سیکنڈ میں طے کیاجبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے زین محمود نے ٹریک ایک گھنٹہ 23 منٹ 7 سیکنڈ میں فاصلہ عبور کیا اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے نادر مگسی نے ایک گھنٹہ 24منٹ اور 15 سیکنڈ میں منزل مقصود تک پہنچے۔ پری پیئرڈ کیٹیگری میں نامور 28 ریسرز نے 118 کلومیٹر ٹریک میں حصہ لیاجو کہ سی پیک سے منسلک یارک ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے شروع ہوا اور پنیالہ، رحمانی خیل، عبدالخیل سے ہوتا ہوا گلوٹی کے مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ ریس میں صاحبزادہ سلطان، نادر مگسی، زین محمود،آصف فضل چوہدری، جعفر مگسی، رضا سعید، بیوارغ مزاری، فیصل خان شادی، اویس خاکوانی، ملک قادر نواز، شہاب حیدر، اسد خان، نعمان سرانجام خان،سعود مجید،عمر اقبال کانجو،شہریار خان، ظفر خان بلوچ، گوہر سانگہی،حماد ہود، ظہیر حسین، محمود مجید،ناصر خان جبکہ خواتین میں تشنا پٹیل، ماحم شیراز، سلمہ خان مروت، لیلا اخونزادہ، جمیلہ سمیت اوردیگر نے شرکت کی۔ اسی طرح خواتین کیٹیگری میں تشنا پٹیل نے پہلی، ماحم شیراز نے دوسری اورسلمہ مروت نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔