مقبوضہ کشمیر میں آج بھارت کے یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپر منایاجارہاہے

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں آج بھارت کے یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپر منایاجائےگا ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کویوم سیاہ کے طورپر منایاجائے گا اور مکمل ہڑتال کی جائیگی تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں کو اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور حریت تنظیموں نے ہڑتال کی اپیل کی ہے، حریت رہنماؤں نے کشمیریوں سے گھروں اور دکانوں پر سیاہ پرچم لہرانے کی بھی اپیل کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی طرف سے پوسٹر سرینگر ، پلوامہ ، ترال ، کولگام ، اسلام آباد ، شوپیاں ، کپواڑہ ، ہندواڑہ ، بانڈی پور اوروادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹروں میں لوگوں سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر احتجاج کے طورپر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کشمیریوں پر جبر و دباؤ کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہیں۔میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ جھوٹے الزامات میں بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرکے گرفتار کیا جاتا ہے۔بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں کی حالت زار افسوسناک ہے۔بھارتی جیلوں میں قید کشمیریوں پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔دوسری جانب بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر سیکیورٹی کے نام پر کرفیو جیسی سخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔