قبائلی اضلاع اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بسنے والی آبادی کی خوشحالی کیلئے سرحدی مارکیٹس کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، عمران خان

اسلام آباد:وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انضمام شدہ اضلاع اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بسنے والی آبادی کی خوشحالی کے لئے سرحدی مارکیٹس کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، ان مارکیٹس کے قیام سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار بلکہ سمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک ۔افغان اور پاک ۔ایران سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف،معاون خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک تھے ۔ وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور متعلقہ سینئر افسران اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔اجلاس کو پاک ۔افغان اور پاک ۔ایران سرحدوں پر مقامی آبادی کو کاروبار کی بہتر سہولیات، تجارت کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مجوزہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی سطح پر لئے جانے والے اب تک کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو 18 مجوزہ بارڈر مارکیٹس جن میں سے 4 مارکیٹس پائلٹ منصوبے کے تحت قائم کی جائیں گی، کے ڈرافٹ پی سی ون اور ایران و افغانستان کے حکام سے مذاکرات میں اب تک کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے بارڈر مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے اقدامات کو فاسٹ ٹریک کرنے اور جلد ہی ایک جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایات دیں۔ ضم شدہ اضلاع اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں بسنے والی آبادی کی خوشحالی کے لئے ان مارکیٹس کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ان مارکیٹس کے قیام سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی مدد ملے گی۔