وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے وزیرستان کے علاقہ نرگوسا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں عثمان علی اور وحید لشتئی شامل ہیں۔ میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ فائرنگ کے دوران ایک دہشت گرد زخمی بھی ہوا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مارے گئے دہشت گرد تحریک طالبان سجنا گروپ کے سرگرم رکن تھے۔ ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گرد آئی ای ڈیز بنانے کے بھی ماہر تھے۔ دہشتگرد بارودی سرنگوں کے ماہر اور دہشتگردوں کو تربیت دینے کے بھی ماہر تھے۔ دہشتگرد عثمان کیپٹن عمر چیمہ اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت میں بھی ملوث تھا۔