کابل: افغان فضائیہ کا بچوں اور عورتوں پر حملہ، 18جاں بحق

کابل: افغانستان کے صوبے نیمروز میں ملکی فضائیہ کے حملے میں 18شہری جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن باز محمد نے دعویٰ کیا کہ ضلع خشرود میں کیے گئے اس فضائی حملے میں عورتیں اور بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے ایک اور رکن نے بتایا کہ یہ کارروائی چند اعلیٰ سطحی طالبان کمانڈروں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی تھی۔ افغان وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے انسداد دہشت گردی کے ایک آپریشن کے دوران سویلین ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے اور اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔علاوہ ازیں افغان دارالحکومت میں بم دھماکے میں افغان سیکورٹی فورس کے ترجمان ضیاوادان سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔افغان وزارت داخلہ کے مطابق دھماکا خیز مواد کابل کے علاقے کرتینا میں سڑک کنارے نصب تھا، ضیا وادان کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ دفتر جا رہے تھے۔دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دھماکے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔کسی گروپ نے بھی واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔