پاکستان تاریخ جدید کے غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں اہل کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے، عمران خان

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان تاریخِ جدید کے سب سے بے رحم، غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں بالکل واضح اور غیر مبہم انداز میں اہل کشمیر کے ساتھ کھڑا ہے۔

منگل کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ‏5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی۔ ہم اس دن کو اقوام متحدہ اور اس کی رکن ریاستوں کو اہلِ کشمیر سے باندھےگئے اس ادھورےعہد کی یاد دہانی کے طور پر مناتے ہیں جس کا نبھایا جانا ابھی باقی ہے۔پاکستان تاریخِ جدید کے سب سے بے رحم، غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں اہل کشمیر کے ساتھ بالکل واضح اور غیر مبہم انداز میں کھڑا ہے۔‏ہم عالمی برادری سے ملتمس ہیں کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بےدھڑک پامالیوں، جن کی تفاصیل بہترین انداز میں مرتب کی جاچکی ہیں کے خلاف اور اہلِ کشمیر کو ان کے حقِ خودارادیت کی یقینی فراہمی کیلئے کارروائی کریں۔‏73 برس تک ظالمانہ بھارتی تسلط کا جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر نسل در نسل اپنے اس ناقابلِ انتقال حقِ خودارادیت، جس کی ضمانت انہیں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی جانب سے دی گئی ہے، کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں