وزیراعلیٰ محمود خان کا محکمہ مال کے اعلیٰ حکام کو زمینوں کے فرد کا اجراءدرخواست جمع کرنے کے دو دنوں کے اندر یقینی بنانے کی ہدایت

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے محکمہ مال کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو زمینوں کے فرد کا اجراءدرخواست جمع کرنے کے دو دنوں کے اندر یقینی بنایا جائے اور فرد کے اجراءمیں تاخیر کی صورت میں متعلقہ پٹواری کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ مال کو پٹواریوں کا ڈویژنل سطح پر ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں وسیع پیمانے پر تبادلوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کئے جائیں۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس مہینے کے آخر تک سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل اپنے تمام منصوبوں کی منظوری کو ہر صورت یقینی بنائے، جنوری کے پہلے ہفتے میں وہ اس سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے تمام محکموں کا اجلاس منعقد کریں گے۔ یہ ہدایات اُنہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ ممبران صوبائی کابینہ کے علاوہ چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ محنت اور مزوری کے لئے شہر میں جگہ جگہ بیٹھے افراد کے لئے بیٹھنے کا مناسب انتظام کیا جائے اور ان کے بیٹھنے کی جگہوں پر شیڈز تعمیر کئے جائیں۔ پناہگاہوں کے قیام کو موجودہ حکومت کا ایک غریب پرور اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ سماجی وبہبود کو ہدایت کی کہ سردی کے حالیہ لہر کے پیش نظر صوبے میں تمام پناہگاہوں کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے ، وہاں پر قیام کرنے والوں کے لئے کھانے اور رات گزارنے کے لئے بہترین انتظامات اور سہولیات فراہم کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سردی کے موسم میں کوئی بھی بندہ کھلے آسمان تلے رات بسر کرنے پر مجبور نہ ہو۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ معدنیات کو ہدایت کی کہ سوات میں دریاوں سے غیر قانونی طور پر ریت اور بجری نکالنے کی روک تھام کے لئے کاروائی عمل میں لاکر اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے ۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کو بھی ہدایت کی کہ صوبے کے بعض مقامات میں جنگلات کے غیر قانونی کٹائی کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔