صوبے میں اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی اور اُن کے حقوق کے تحفظ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہے ہیں، محمود خان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس پر صوبے اور ملک کی مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔کرسمس کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام واحد مذہب ہے جس نے آج سے صدیوں پہلے اسلامی ریاست میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور اُن کی مکمل مذہبی آزادی کی ضمانت دی ہے ، اسلامی تعلیمات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین بھی اقلیتوں کومکمل تحفظ فراہم کرتا ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا میں دیرپا امن کے قیام کا تقاضا بھی یہی ہے کہ بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب انسانیت کی تکریم کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی اور سماجی آزادی حاصل ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں اقلیتوں کی ترقی و خوشحالی ، مذہبی آزادی اور اُن کے حقوق کے تحفظ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔