افغانستان میں انتخابات کی نگرانی کیلئے قائم تنظیم کے سربراہ قتل

کابل: افغان انتخابات کی نگرانی کرنے والے رضاکار جنہوں نے ا نتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے آزادانہ تنظیم قائم کر رکھی تھی ایک قاتلانہ حملے میں مارے گئے، پولیس اور ان کے ساتھی کے مطابق قاتلوں نے انہیں گھات لگا کر قتل کیا. برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق محمد یوسف رشید پر حملہ بدھ کے روز کابل کے جنوبی مضافاتی علاقے میں اس وقت ہوا جب وہ اپنی کار میں سوار ہو کر کام پر جارہے تھے ان کا قتل حالیہ ہفتوں کے دوران افغانستان کی نمایاں شخصیات پر ہونے والے قاتلانہ حملوں کی طرز پر ہوا جس میں اکثر کو صبح کے مصروف ٹریفک کے اوقات میں نشانہ بنایا گیا.محمد یوسف رشید فری اینڈ فیئر الیکشن فورم آف افغانستان (ایف ای ایف اے) کے سربراہ تھے جو ویب سائٹ پر لکھے بیان کے مطابق 2004 سے جمہوریت، گڈ گورننس اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے لیے کام کررہا ہے ان کے ساتھی عبدالوہاب نے بتایا تھا کہ حملے کے نتیجے میں یوسف رشید زخمی ہوگئے تھے اور ہسپتال پہنچ کر انہوں نے دم توڑ دیا جبکہ ان کا ڈرائیور بھی زخمی ہے، کابل پولیس کے ترجمان فریڈاز فرامرز نے بھی حملے کی تصدیق کی.امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق کابل میں ہی ہونے والے ایک اورحملے میں پولس کی گاڑی میں نصب بم پھٹنے سے ایک پولیس افسر ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں .