قوم اے پی ایس کے شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی، مشتاق غنی

پشاور:سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے اپنی ایک بیان میں کہا ہے کہ16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا اور شہداء کے خون سے لکھے جانے والے اِس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔قوم اے پی ایس کے شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ بربریت اور سفاکیت کے علمبرداوں کی جانب سے آرمی پبلک سکول پشاورمیں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، حصولِ تعلیم کے لیے جانے والے معصوم جب واپس لوٹے تو ان میں سے بہت ساروں نے شہادت کی قبا اوڑھ رکھی تھی۔ آئیں عہد کریں پاکستان کو ایسا جمہوری معاشرہ بنائیں گے جہاں فرقہ واریت، لسانیت، تشدد اورانتہا پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی قوم اپنے معصوم شہیدوں، افواجِ پاکستان، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔