دنیا کو بھارت کی منفی پراپیگنڈہ مہم کا نوٹس لینا چاہیے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ دنیا کو بھارت کی منفی پراپیگنڈہ مہم کا نوٹس لینا چاہیے ، پاکستان یہ مسئلہ ہر سطح پر اٹھائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ واربریفنگ کے دوران بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں سے باز رہے۔ترجمان نے پاکستان کے خلاف بھارت کے قابل مذمت حربوں کی شدید مذمت کی ہے جو حال ہی میں یورپی یونین کی ڈس انفولیب کی تازہ رپورٹ میں ایک بار پھر بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین گروپ کی رپورٹ کے مطابق ، جعلی میڈیا آؤٹ لیٹس ، تھنک ٹینک اور این جی اوز کا ایک وسیع نیٹ ورک ہندوستانی مفادات کیلئے کام کررہا ہے،جو پاکستان کے خلاف بدنیتی پر مبنی مواد کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نہ صرف جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے بلکہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے بین الاقوامی اداروں کو بھی استعمال کررہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی تمام چالیں ناکام ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے سے ہندوستان نہ تو پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور نہ انسانی حقوق کے اپنے بدترین ریکارڈ سے عالمی برادری کی توجہ ہٹا سکتا ہے۔ ترجمان نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ جھوٹ اور جعلی خبروں کو پھیلانے میں اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے ، اپنے گھر کی خبر لے اور غربت ، انسانی حقوق کی پامالیوں ، اقلیتوں کے حقوق کا استحصال اور بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی کے اپنے معاملات درست کرے۔ ترجمان نے کہا کہ دنیا کو بھارتی منفی پروپیگنڈہ مہم کا نوٹس لینا چاہئے اور پاکستان اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھائے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے ، مالی اعانت فراہم کرنے اور ان کو عملی جامہ پہنانے اور فعال منصوبہ بندی سے متعلق وسیع پیمانے پر ناقابلِ تردید ثبوت پیش کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین گروپ کی حالیہ رپورٹ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے مؤقف کی عکاس ہے۔نئی دہلی کی جانب سے حالیہ دھمکیوں کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ممکنہ جعلی فلیگ آپریشن سے دنیا کو آگاہ کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج پوری طرح سے چوکس اور تیار ہیں اور بھارت کی طرف سے کسی بھی قسم کی کاروائی یا غلط مہم جوئی کا موثر جواب دینے کے لئے تیار ہے۔