افغانستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان صدر اشرف غنی کے فرمان کا خیرمقدم کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:پاکستان نے افغانستان میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق افغان صدر اشرف غنی کے فرمان کا خیرمقدم کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے صدر کی جانب سے ان پاکستانی قیدیوں کی رہائی سے متعلق فرمان کا خیر مقدم کیا ہے جو اپنی قید کی مدت پوری کرچکے ہیں لیکن جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے انہیں قید میں رکھا گیا ہے یا وہ قیدی جن کی قید کی مدت میں ایک ماہ سے کم عرصہ رہ گیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس جذبہ خیر سگالی کو سراہتا ہے۔ اس فیصلے سے ان افراد کے اہل خانہ کو ریلیف اور دلی اطمینان ملے گا۔پاکستان باہمی روابط کو جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے جس کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے عوام کو سہولت اور فوائد حاصل ہوں گے۔