آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈر اجلاس، بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ

راولپنڈی:بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ہندوستان کی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید شواہد، پاکستان میں عدم استحکام کے لیے بھارتی سازشوں، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف بھارتی سازشوں اور دہشت گردوں کی ٹریننگ اور فنانسنگ کا جائزہ لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق اجلاس میں افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت، لائن آف کنٹرول، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا جائزہ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرس میں خطے اور ملکی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔کور کمانڈرز نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی حملوں سے آبادی کو بچانے کے لیے ہر قدم اٹھایا جائے گا۔ بھارت، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے۔اجلاس کے دوران عسکری قیادت نے کورونا کی دوسری لہر سے پیدا صورتحال پر بھی غور کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی حمایت سے اندرونی وبیرونی چیلنجوں پر قابو پا لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان، بالخصوص آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، کسی بھی جارحیت سے ملک کو محفوظ رکھا جائے گا۔ پاک فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گی ، پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے امن کا قیام ہمارا فرض ہے۔