بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے جعلی آپریشن جیسے اقدامات کرسکتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ محمد حفیظ چوہدری نے بھارت کے غیر قانوی تسلط میں جموں و کشمیر کے ضلع نگروٹا میں نام نہاد دہشت گردی کے حملے کے بارے میں بھارتی وزارت خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کے ایک گروپ کو دی گئی بریفنگ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارت کی دہشت گرد سرگرمیوں کی فعال منصوبہ بندی،مالی معاونت اور عملدرآمد اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی سے متعلق ناقابل تردید شواہد جاری کرنے کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستان مخالف مہم تیز کر دیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی الزامات اور جھوٹے بیانیئے سے حقائق تبدیل نہیں ہوسکتے۔پاکستان کو جعلی آپریشن یا حملے میں ملوث کرنے کی کوئی حیثیت نہیں۔ بھارت اپنے جھوٹے بیانیے سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کی بریفنگ مقبوضہ کشمیر میں کسی مبینہ منصوبہ بند حملے میں پاکستان کو شرارتی طور پر ملوث کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔پاکستان کے خلاف بھارتی بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں اس کی ریاستی دہشت گردی اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی ریاستی سرپرستی سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو پاکستان کو بدنام کرنے اور علاقائی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی غرض سے بھارت کے ممکنہ جعلی فلیگ آپریشن سے آگاہ کرتا رہا ہے۔ ہم ایک پھر دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں کہ بھارت پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے جعلی آپریشن جیسے اقدامات کرسکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کو بے نقاب کرتا رہے گا اور بھارتی بے بنیاد پروپیگنڈہ سے عالمی برادری کو گمراہ نہیں ہونے دے گا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی میکنزم سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پر مبنی پاکستان کی طرف سے پیش کردہ ڈوزیئر پر کارروائی کریں۔