ڈونلڈ ٹرمپ نے بالواسطہ طور پر جوبائیڈن کی فتح کا اعتراف کرلیا

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی مرتبہ تسلیم کیا کہ ڈیموکریٹ جو بائیڈن صدارتی الیکشن جیت گئے ہیں لیکن انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اپنی شکست کوتسلیم نہیں کریں گے.

ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں صدر ٹرمپ نے کسی ثبوت کے بغیر اپنے یہ دعوے جاری رکھے ہیں کہ انہیں شکست اس وجہ سے ہوئی ہے کیوں کہ ان کے خلاف ووٹوں میں دھاندلی کی گئی.امریکہ کے قومی ذرائع ابلاغ نے غیر حتمی نتائج کی بنا پر ایک ہفتہ پہلے رپورٹ کیا تھا کہ ڈیموکریٹک امیدوار صدارتی انتخاب جیت چکے ہیں کیوں کہ مختلف ریاستوں میں گنتی کے بعد وہ 538 کے الیکٹرول کالج میں فتح یاب ہونے کے لیے کم از کم 270 الیکٹرول ووٹ کے ٹارگٹ سے زیادہ الیکٹرول ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے. تاہم صدر ٹرمپ نے ان نتائج کو ماننے سے انکار کر دیا تھا انہوں نے مبینہ طور پر انتخابات میں ہونے والی بے قاعدگیاں درست کرانے کے لیے عدالتی چارہ جوئی کا بھی فیصلہ کیا تاہم ریاست پنسلوینیا جہاں دونوں امیدواروں کے درمیان سب سے زیادہ تنازعہ رہا وہاں صدر ٹرمپ کے وکلاءنے عدالتوں سے اپنے کیس واپس لے لیے ہیں .اگر چہ صدر ٹرمپ اور ان کے حامیوں کی طرف سے دائر کیے گئے بہت سے کیس ابھی عدالتوں کے سامنے آئیں گے تاہم انہیں ووٹوں کی گنتی میں بے قاعدگیوں کے کئی کیسوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغامات میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ بائیڈن محض جعلی میڈیا کی نظروں میں جیتے تھے انہوں نے لکھا کہ بائیڈن صرف جعلی میڈیا کی نظروں میں ہی جیتے تھے میں اپنی شکست نہیں مان رہا ابھی ہمیں بہت طویل راستہ طے کرنا ہے یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھا.