امریکی انتخابات، ٹرمپ نے 3 ریاستوں کے انتخابی نتائج چیلنج کر دیے

واشنگٹن : امریکہ میں ہونے والے انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 ریاستوں کے انتخابی نتائج عدالت میں چیلنج کر دیے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے امریکی ریاست مشی گن ، وسکونسن اور پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ، ری پبلکن امیدوار کی طرف سے عدالت میں دائر کردہ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہماری ٹیم کو ووٹوں کی گنتی کے دوران مناسب رسائی نہیں دی گئی ، جن کی بنیاد پر ہمیں ووٹوں کی گنتی کے عمل پر اعتراضات ہیں۔قبل ازیں امریکی صدر اور انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی گنتی رکوانے کے لیے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے ، لیکن انتخابی نتائج کا عمل اچانک رک گیا یہ دھوکہ ہے ، اس لیے ووٹوں کی گنتی رکوانے کیلئے سپریم کورٹ جارہا ہوں ، کیوں کہ انتخابات ہماری قوم کے لئے ایک بڑا فراڈ ہے۔اپنے حامیوں سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم الیکشن جیت چکے ہیں، اور ہم عنقریب کامیابی کا جشن منائیں گے ، شاندار حمایت پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، مشی گن میں تقریباً 3 لاکھ ووٹوں سے جیت رہے ہیں ، فلوریڈا اور ٹیکساس میں کامیاب ہوگئے ہیں ، ہم جارجیا اور نارتھ کیرولینا میں جیت کے قریب ہیں ، ایری زونا نے کسی نے کامیابی کا اعلان کیا ہے لیکن ہم وہاں مقابلے میں ہیں ، ٹیکساس میں ہم نے 70 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ، مشی گن میں بھی ہم بہت آگے ہیں ، کئی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، انتخابات کے بہترین نتائج سامنے آرہے ہیں ،ہم ایسی ریاستوں میں بھی جیت چکے ہیں جہاں ہمیں ضرورت نہیں تھی ، اوہائیو سے مجھے محبت ہے اور وہاں بھی کامیابی حاصل کی۔