امریکی صدارتی انتخابات:کئی ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخاب گنتی کا تنازع شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور گنتی میں تاخیرپر ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کئی شہروں میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ‘ ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں نیشنل گارڈز کو دوبارہ فعال کر دیا گیا جس کے بارے میں خفیہ اداروں نے خدشات کا اظہار کیا تھا کہ پورٹ لینڈ میں پرتشدداحتجاج کا خدشہ ہے ریاست کے سب سے بڑے شہر میں صدر ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین کے مظاہرے پر تشدد ہوتے جارہے ہیں.ٹرمپ کے حامی مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈالے گئے ہر ووٹ دوبارہ گنا جائے جوکہ ممکن نہیں ہے‘عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے پتھراﺅ کرکے دکانوں کے شیشے توڑ دیے جبکہ پولیس نے ان واقعات کو ہنگامہ قرار دیا ہے. دوسری جانب منیاپولس میں پولیس نے دو سو کے قریب مظاہرین کو حراست میں لے لیا جنہوں نے ایک مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا تھا مظاہرین کا یہ گروپ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مطالبے کے خلاف نعرے بازی کر رہا تھا جس میں صدر نے ووٹوں کی گنتی روکنے کی بات کی تھی اسی نوعیت کے مظاہرے نیو یارک، فلیڈیلفیا اور شکاگو میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں. امریکی حکام کے مطابق مختلف ریاستوں میں50 لوگوں کوگرفتار کیا گیا ہے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں مظاہرین اور پولیس کی جھڑپیں ہوئی ہیں ‘جوبائیڈن کے حامی ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاﺅس خالی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں.