یونان کے دارالحکومت میں 100سال بعد پہلی مسجد قائم

ایتھنز:یونانی دارالحکومت ایتھنز میں پہلی مسجد کا افتتاح 14 سالہ منصوبہ بندی اور تعمیرات کے بعد ہو گیا ہے۔یونانی وزارت تعلیم و مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایتھنز جامع مسجد 2 نومبر سے خدمات کے لیے کھول دی گئی ہے جہاں پر کورونا تدابیر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمان عبادت کر سکیں گے۔بتایا گیا کہ مسجد میں 5 وقت نماز کی ادائیگی کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔عام وبا کے باعث اس وقت بیک وقت زیادہ سے زیادہ 9 افراد کو باجماعت نماز ادا کرنے کی اجازت ہو گی۔مسجد کے پہلے امام مراکش نژاد یونانی شہری محمد ذکی ہیں۔یونانی مذہبی امور کے سیکرٹری جنرل یورگو کلائتسزنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سال 2006 سے ابتک کی یونانی حکومتوں کی طویل جدوجہد کی بدولت مسجد کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ یونان اندرون و بیرون ملک ڈیموکریسی اور مذہبی آزادی کے معاملے میں ایک واضح پیغام دے رہا ہے۔ تعمیر کردہ مسجد میں 350 نمازیوں کی گنجائش موجود ہے ، مسجد کا کوئی مینار نہیں۔ مسجد کی تعمیر پر 8 لاکھ 87 ہزار یورو کی لاگت آئی ہے۔واضح رہے کہ 1829 تک یونان سلطنت عثمانیہ سے آزاد ہوا، اس سے قبل ایتھنز سمیت پورے یونان میں کئی مساجد قائم تھیں تاہم سلطنت عثمانیہ سے آزادی کے بعد یونان میں ہونے والے فسادات کے دوروان عثمانی دور کی مساجد اور عمارتوں کو منہدم کردیا گیا تھا۔