انتخاب کے نتائج سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ کامیابی کیلئے پرامید

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے نتائج سے قبل ہی کامیابی کے امکانات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے ابھی سے اچھا اچھا محسوس ہورہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت اچھا لگتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہماری فتح ہوگی۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان تمام اہم ریاستوں میں فتح کی توقع کرتے ہیں جو انتخابات کا فیصلہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ ہم ٹیکساس میں نمایاں کامیابی کے ساتھ جیت رہے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ ‘مجھے لگتا ہے کہ ہم شمالی کیرولائنا میں بہت بہتر کام کرنے جارہے ہیں، ہمارے خیال میں ہم ہر جگہ بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں’۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ وہ انتخابی دن ان لوگوں سے فون کال کرنے میں گزاریں گے جو ان کے وفادار رہے ہیں اور نواحی ورجینیا میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر جاکر عملے کا شکریہ ادا کریں گے۔امریکا کے شہری آج (3 نومبر کو ملک) کے 46 ویں صدر کے انتخاب یا 45 ویں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مسلسل دوسری مدت کے لیے منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کررہے ہیں۔رواں برس ہونے والے انتخاب میں ڈیموکریٹک اُمیدوار جوبائیڈن اور امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔2016 کے انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی جس میں 13 کروڑ 65 لاکھ افراد سے زائد نے رائے دہی میں حصہ لیا تھا جبکہ 9 کروڑ 20 لاکھ افراد نے اس عمل میں شامل ہونے سے گریز کیا تھا۔