ہمارے شاہینوں نے بھارت کو ان کے گھر میں گھس کر مارا پوری بھارتی قیادت اس پر شرمندہ ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد : بھارت میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے بیان پر منفی پروپیگنڈا شروع کردیا گیا، فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے بھارت کو گُھس کے مارا ہے، پلوامہ میں کامیابی عمران خان کی قیادت میں پوری قوم کی کامیابی ہے، پلوامہ واقعے کے بعد شاہینوں نے بھارت کو گھس کے مارا۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سردار ایاز صادق کو ریاست کی ایک سرگرمی میں عزت دی گئی، اس میں شامل کیا گیا، لیکن آپ اسمبلی کے فلور کے اوپر باتیں کررہے ہیں، پھر جھوٹ اتنے سے بولتے ہیں کہ جھوٹا شخص بھی کیا بات کرے گا؟ ایاز صادق نے ایوان میں بات کی شاہ محمود قریشی کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں کہ ہندوستان حملہ کررہا ہے۔جبکہ ہم نے تو ہندوستان کو گھس کے مارا ہے، پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے، وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پلوامہ کے واقعے کے بعد جس طریقے سے ہم نے گھس کر ہندوستان کو مارا۔ جس طریقے پاکستان کے شاہینوں نے گھس کر مارا، ہندوستان کی پٹائی کی، اس پر ہندوستان کا اپنا میڈیا شرمندہ ہے۔آپ کہتے ہیں کہ ہماری ٹانگیں کانپ رہی تھیں؟ کچھ شرم ہوتی ہے کچھ حیا ہوتی ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ یہ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنے ہم ہیں تاہم کئی دفعہ نادانی میں بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پر تنقید ضرور کریں مگرریاست کو نشانہ نہ بنائیں، نوازشریف کا مسئلہ 8 کیس ہیں اور کیس حل ہو جائیں تو فوج بھی ٹھیک اور عمران خان بھی بہترین وزیراعظم بن جائیں گے۔ فواد چوہدری نے ٹویٹر پر بھارتی میڈیا کے ٹویٹس کا جواب بھی دیا اور ان کو آگاہ کیا کہ آپ پہلے میری پوری تقریر سنیں پھر ردعمل دیں۔ آپ میری تقریر کے سیاق واسباق کو تبدیل نہ کریں۔