وزیراعظم عمران خان سے افغانستان کے وزیر برائے صنعت و تجارت کی ملاقات

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان سے اسلامی جمہوریہ افغانستان کے وزیر برائے صنعت و تجارت نثار احمد فیضی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم نے افغان وزیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پاکستان کی جانب سے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے افغانستان کے مسئلہ کے مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن پورے خطہ کیلئے فائدہ مند ہو گا، اس سے علاقائی رابطہ کاری بڑھے گی اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر افغان وزیر تجارت نے پاکستان کی جانب سے افغان امن عمل میں سہولت پر مبنی مثبت کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔