ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وضاحت کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے ابھی نندن کی رہائی سے متعلق وضاحت کے بعد مزید کوئی گنجائش نہیں رہتی۔میں نے کل بھی واضح کیا تھا کہ ایاز صادق کی گفتگو غیر ذمہ دارانہ تھی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے ہم نے ہندوستان کو سبق سکھایا اور اس کے بعد تناو میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے اسے کہتے ہیں “دانشمندی ” بدقسمتی سے اگر اندر سے ہی ایسی بولیاں بولی جائیں گی تو اس سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ھرزہ سراءکرنیوالوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی جو انتہائی افسوس ناک ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کے وضاحتی بیان سے تو یہی تاثر ملتا ہے کہ ایاز صادق، نہ چاہتے ہوئے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ہندوستان تو پاکستان کو نیچا دکھانے کیلئے ہمیشہ موقعے کی تلاش میں رہتا ہے اگر اس طرح کے بیانات دیے جائیں گے تو وہ یقیناً انہیں استعمال کرے گا۔میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے اور اس چیز سے اجتناب کرنا ہے جو غلطی ہو گئی اس کو دہرایا نہ جائے۔