سی پیک پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی علامت ہے، شبلی فراز

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ سابق حکومت نے ذاتی منصوبہ بنا دیا تھا، کوئی ادارہ ایسا نہیں جو انہوں نے تباہ نہ کیا ہو، ملک کو گروی رکھوایا، سی پیک کے منصوبے کے بڑے دشمن ہیں، اپوزیشن کو ان کے ہاتھوں میں نہیں کھیلنا چاہیے، سی پیک چین اور پاکستان کے عوام کی محبت کا نمونہ بنے گا، سی پیک اتھارٹی کا بل قومی اسمبلی میں آج پیش کیا جا رہا ہے، سی پیک اتھارٹی کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس کی تحریک بدنیتی پر مبنی ہے، اس طرح کے اقدامات سے دوستوں کو غلط پیغام جاتا ہے اور دشمنوں کو خوشی ہوتی ہے، اپوزیشن میں سچ سننے کا حوصلہ نہیں ہے، کسی قسم کی سازش سی پیک منصوبے کو ڈی ریل نہیں کر سکتی۔ جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر رضا ربانی کے سی پیک اتھارٹی آرڈیننس سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سی پیک ایسا منصوبہ ہے جو کسی سیاسی جماعت کا منصوبہ نہیں، یہ چین اور پاکستان کی حکومتوں اور عوام کا منصوبہ ہے، اس کو غیر سیاسی بنانے اور اس کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور اس پر کام کو آگے بڑھانے کے لئے ہم نے سی پیک اتھارٹی بنائی اور آرڈیننس کے ذریعے اس کا قیام عمل میں لایا گیا، بدقسمتی سے ملک میں قومی مفاد کا کوئی بھی کام ہو اپوزیشن کی راہ میں روڑے اٹکاتی ہے اور اس پر اعتراضات کرتی ہے، انہوں نے قائمہ کمیٹیوں میں منظور ہونے والے فیصلوں کو بھی خود مسترد کیا، اپوزیشن میں سچ سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے لیکن یہ سچ نہیں سن سکتے، سی پیک پر بھرپور طریقے سے کام جاری ہے اور یہ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان مضبوط رشتے کی علامت ہے۔