افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، میر رحمان رحمانی

اسلام آباد:افغان ولوسی جرگہ کے سپیکرمیر رحمان رحمانی نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، افغانستان میں امن کاقیام خطہ کے مفاد میں ہے، پاک افغان تجارت و سرمایہ کاری فورم سے خوش حال اور پر امن مستقبل کی راہ رہموار ہوگی۔پاک افغان دو روزہ تجارتی و سرمایہ کاری فورم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فورم کے انعقاد پر پاکستان بالخصوص سپیکر اسد قیصر اور پوری پارلیمنٹ کے شکر گزار ہیں ۔ اس فورم کے انعقاد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی اور خطہ میں خوشحالی اور پر امن مستقبل کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کی طرف سے مصالحانہ کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پر امن اور مستحکم افغانستان خطہ کے امن اور خوشحالی کے لئے بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ امن معاہدے سے افغانستان میں امن کی امید پیدا ہوئی ہے۔ افغان قیادت بھی تشدد کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کو قریب لانے اور روابط کو مستحکم بنانے میں دونوں ممالک کی پارلیمنٹس اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔