ہم مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط کو مسترد کر تے ہیں ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور مہذب دنیا کشمیریوں کو ان کے جائز، قانونی اور جمہوری حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے، جموں و کشمیر ایک مسلمہ متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینے میں پوشیدہ ہے۔وزیر خارجہ نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کے سب سے بڑے فورم پر دو بار مظلوم کشمیریوں کا مقدّمہ پوری قوت کے ساتھ پیش کرچکے ہیں، انہوں نے کشمیریوں کے جائز اور قانونی حقوق کی بھرپور انداز سے ترجمانی اور وکالت کا فرض ادا کیا ہے اور اب یہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے حق میں اپنی آواز بلند کریں اور بھارت کو اس کا اصل مکروہ چہرہ دکھائیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیروں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 7اکتوبر1947ءکو تقسیم برصغیر کے فارمولے کی صریحاًخلاف ورزی کرتے ہوئے جموںوکشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر بندوق کی نوک پرناجائز قبضہ کرلیاتھا اور ہر سال ستائیس اکتوبر کو پاکستان میں یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی تسلط کو مسترد کر تے ہیں اور ہم کسی صورت بھی مظلوم کشمیریوں کے جائز حق سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،ہم کشمیری بہن بھائیوں کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آزادی کا سورج طلوع ہونے تک جاری رکھیں گے۔