افغانستان میں تعلیمی مرکز پر خودکش حملہ، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک تعلیمی مرکز پر ہونے والے خودکش حملے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی جبکہ 70 افراد زخمی ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق خودکش حملہ کابل کے جنوب میں ایک تعلیمی مرکز میں ہوا ہے۔ خود کش حملے میں زخمیوں ہونے والے افراد کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی حکام نے دھماکے کی جگہ کی ناکہ بندی شروع کردی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ خودکش حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی ہے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرائین نے بیان میں کہا کہ خودکش بمبار تعلیمی سینٹر میں داخل ہونا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ سینٹر کے گارڈز کی جانب سے شناخت کیے جانے کے بعد خودکش بمبار نے باہر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔افغان طالبان نے تاہم خودکش حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔